عوام کو300یونٹس بجلی مفت،کم ازکم تںخواہ 50 ہزار،آئی پی پی کا منشور

منشور کے مطابق ساڑھے 12 ایکڑ زمین تک کے کاشتکاروں کو ٹیوب ویلوں کی بجلی کی مفت فراہم کی جائے گی، مزدوروں کی کم از کم تنخواہ 50 ہزار روپے کی جائے گی، شہریوں کو 300 یونٹس تک بجلی کی مفت فراہمی بھی منشور میں شامل ہے۔

شہریوں کیلئے اپارٹمنٹ بلڈنگز کے کم لاگت رہائشی منصوبے بنائے جائیں گے، موٹرسائیکل سواروں کو پیٹرول کی آدھی قیمتوں پر فراہمی کا منصوبہ تیار کیا جائے گا، ایئرکنڈیشنڈ پبلک ٹرانسپورٹ، بزرگ شہریوں، خواتین اور اسٹوڈنٹس کیلئے مفت سفری سہولتیں دی جائیں گی۔

منشور کے مطابق اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے گا، پاکستان میں ان کی جائیدادوں کےتحفظ وانصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

آئی پی پی پولیس، عدلیہ اور ٹیکس کے نظام میں اصلاحات لائے گی ، یوتھ اور خواتین کیلئے آسان شرائط پر بلاسود قرضوں و ملازمتوں کی فراہمی ممکنہ بنائی جائے گی۔

ٹیکنیکل مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے گا، بیرون ملک اسکالر شپ کی فراہمی منشور کاحصہ ہوگی، لوکل ٹورازم انڈسٹری کا فروغ بھی منشور میں شامل ہے۔

ملکی وغیرملکی سیاحت سے مقامی تجارت کی ترقی منشور کا حصہ ہوگی۔ استحکام پاکستان پارٹی کا منشور منظور ہوگیا ہے اور اہم شعبوں میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔