عام انتخابات کیلئےساڑھے 42 ارب روپے کی گرانٹ منظور

اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی نے الیکشن کمیشن کی سمری منظورکرتے ہوئےعام انتخابات کیلئے ساڑھے بیالیس ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری دیدی۔

وزیرخزانہ اسحاق ڈارکی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں عام انتخابات کیلئے 42.5 ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری دیدی گئی ۔

عام انتخابات کیلئے فنڈزکی حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی، الیکشن کمیشن کو ابتدائی طور پر 10 ارب روپے جاری کئے جائیں گے۔

اجلاس میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے لیے 200 ملین، وزارت اطلاعات و نشریات کی سنیما گھروں سے بجلی کے نرخ وصول کرنے کی سمری منظور کر لی گئی۔

ای سی سی اجلاس میں برآمدی پروسیسنگ زونز سے افغانستان کو زمینی راستوں سے سبزی، گھی اور کوکنگ آئل کی برآمد کے حوالے سے وزارت تجارت کی سمری منظور کر لی گئی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سال 2023-24 کے لیے تمباکو کے نظرثانی شدہ سیس کی شرحوں کی منظوری دیدی ۔