عمران خان کی عدالت میں حاضری کیلئے جوڈیشل کمپلیکس آمد، اوپر جانے سے انکاری

اسلام آباد(اُمت نیوز)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں عمران خان کے خلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے کی۔
عمران خان کی جانب سے وکیل انتظار پنجوتھا عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کمپلکس آئے ہوئے ہیں سیکیورٹی کے باعث اوپر نہیں آ سکتے۔
جج ملک امان نے کہا کہ اگر پرانی کچہری میں ہوتے تو آپ کی بات مان لیتے۔وکیل انتظار پنجوتھا نے عدالت سے استدعا کی عدالت ان کی حاضری لگا لے۔
جس پر جج ملک امان نے استدعا مسترد کرتے ہوئے جواب دیا کہ ایسا نہیں کر سکتے، ملزم کو عدالت میں پیش ہونا پڑے گا، ہم بیٹھے ہیں آپ ملزم کو پیش کر دیں۔
دوسری جانب عمران خان کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کی بھی سماعت آج ہو رہی ہے، جج ہمایوں دلاور کمرہ عدالت پہنچ گئے ہیں۔
عمران خان کی پیشی کے باعث سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔