الیکشن کمیشن کا عمران خان کو گرفتار کرکے کل پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور اسلام آباد پولیس کو انہیں گرفتار کرکے کل پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن میں زیر سماعت توہین الیکشن کمیشن کیس میں عدم پیشی پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتار ی جاری کردیے گئے۔ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد پولیس کو کل چئیرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔

الیکشن کمیشن نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد کو ناقابل ضمانت وارنٹ کی تعمیل کی ہدایت کی اور کہا کہ آئی جی اسلام آباد چیئرمین تحریک انصاف کو گرفتار کرکے الیکشن کمیشن میں پیش کریں۔ الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرکے کل 10 بجے پیش کیا جائے۔

یاد رہے کہ توہین الیکشن کمیشن کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان پیش نہیں ہوئے تھے۔ الیکشن کمیشن نے عدم پیشی پر ان کے وارنٹ جاری کیے۔