اسلام آباد(اُمت نیوز)وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے ایرانی سفیر رضا امیری مغادم کی ملاقات ہوئی ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے وزارت خزانہ آمد پر ایرانی سفیر کا خیر مقدم کیا۔
ملاقات میں دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کیلئے فریقین کے درمیان اتفاق ہوا، ایرانی سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر زور دیا اور بارڈر مارکیٹوں کے ذریعے تجارت بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں طرفین نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر گفتگو کی، منصوبے میں تکنیکی رکاوٹوں کو دور کرنے پر زور دیا اور عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
دونوں ممالک کے بینکنگ کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا اور دونوں ممالک کے مرکزی بینک کے سربراہان بینکنگ کے شعبے میں تعاون بڑھانے کیلئے اگلے ہفتے ملاقات بھی کریں گے۔