فائل فوٹو
فائل فوٹو

محبت کی شادی کرنیوالے نوجوان کی لاش مل گئی

کراچی: دو ماہ قبل کورٹ میرج کرنے والے مغوی نوجوان کی لاش جھاڑیوں سے مل گئی ہے جبکہ  مقتول کی دونوں بیویاں، دو بچے اور والد لاپتا ۔

سرجانی ٹاؤن کے علاقے ناردرن بائی پاس عبداللہ غازی گوٹھ چونگی کے قریب جھاڑیوں سے ایک شخص کی ایک دن پرانی لاش ملی ۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقتول کی لاش پہلے تھانے پھر وہاں سے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔

پولیس کے مطابق مقتول کو اغوا کر کے نامعلوم مقام پر لے جا کر تشدد کا نشانہ بنانے بعد فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا اور ملزمان لاش پھینک کر فرار ہوگئے۔ مقتول کے پاس سے ملنے والے شناختی کارڈ سے اس کی شناخت 25 سالہ محمد نسیم ولد در محمد کے نام سے کی گئی ۔

پولیس کے مطابق مقتول حب چوکی کا رہائشی اور 2 بچوں کا باپ تھا ، جس نے 2 ماہ قبل ایک خاتون سے کورٹ میرج کی تھی، نوبیاہتا دلہن ہی کے گھر والے دھمکیاں دے رہے تھے ۔

مقتول یکم اگست کو گھر کے قریب ہوٹل سے اغوا ہوا تھا جس کے بعد  دوسری بیوی کے والد نے ہی اطلاع دی کہ جا کر محمد نسیم  لاش اٹھا لو ۔مقتول کے کزن الطاف حسین نے بتایا کہ نسیم کے اغوا کے دوسرے دن سے اس کی دونوں بیویاں، دونوں بچے اور والد بھی لاپتا ہیں۔