نگران وزیراعظم پر بات کرنا رانا ثناء اللہ کا استحقاق نہیں،نیئر بخاری

اسلام آباد (اُمت نیوز) پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کے نام پر بات کرنا رانا ثناء اللہ کا استحقاق نہیں ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نیئربخاری کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم کے معاملے پر رانا ثناء اللہ کو بات نہیں کرنی چاہیے تھی، یہ پارٹی ہیڈ کا کام ہے، نگران وزیر اعظم کے لئے سول سرونٹ کا نام بھی شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم کیلئے ابھی تک حفیظ شیخ کے نام پر اتفاق نہیں ہوا اور رانا ثناء اللہ کو بھی حفیظ شیخ کے نام سے متعلق بات نہیں کرنی چاہیے تھی، نگران وزیراعظم کیلئے ایک نہیں کئی ناموں پر مشاورت ہو رہی ہے۔
نیئر بخاری نے کہا کہ مردم شماری کی منظوری کے بعد ایک بات واضح ہے سیٹیں نہیں بڑھ رہیں، سیٹیں بڑھانے کیلئے پارلیمنٹ سے آئینی ترمیم ضروری ہے۔
مرکزی رہنما پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ آئین میں کہیں نہیں لکھا ہوا کہ آبادی بڑھنے سے سیٹیں بڑھیں گی، الیکشن آگے بڑھتے ہیں تو کسی کو کوئی نقصان نہیں ہوتا جس نے کام کیا ہوگا ووٹ اس کو ملیں گے۔