کوئٹہ، مشرقی بائی پاس پر فائرنگ، میاں بیوی اور بیٹا جاں بحق

کوئٹہ : مشرقی بائی پاس پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے میاں بیوی بچے سمیت 3 افراد کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایک شخص اپنی موٹرسائیکل اپنی اہلیہ اور بچے کے ہمراہ مشرقی بائی پاس پر جارہا تھا کہ نامعلوم ملزمان نے اس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار عبدالخالق اس کی اہلیہ مسماة (م) اور 4 سالہ بیٹا میر حمزہ موقع پر جاں بحق ہوگئے حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو تحویل میں لیکراسپتال منتقل کردیا۔ نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ مزید کاروائی پولیس کررہی ہے۔ دریںاثناء وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کوئٹہ میں فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ۔

منگل کو وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کوئٹہ کے علا قے مشرقی بائی پاس پر فائرنگ کے واقعے میں میاں،بیوی اور بچے کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہاکہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔