پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا، فائل فوٹو
پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا، فائل فوٹو

لاہور، قاتل شوہر بیوی کی لاش دفناتے ہوئے قبرستان سے گرفتار

لاہور: امریکی نژاد خاتون کو قتل کرکے اکیلے ہی قبرستان لے کر دفنانے کی کوشش کرنے والا سفاک شوہر گرفتار کرلیا گیا، اور ملزم کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

لاہور میں سفاک شوہر نے اپنی امریکن نیشنل اہلیہ کو تشدد کرکے قتل کردیا، اور واردات کو چھپانے کے لئے اکیلے ہی لاش اٹھا کر قبرستان پہنچ گیا تاکہ گرفتاری سے بچا جاسکے، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ لاہور کے فیکٹری ایریا میں کاظم خان نامی ملزم نے اپنی اہلیہ ڈائینا کرسٹوخان پر بدترین تشدد کیا جس سے وہ جاں بحق ہوگئی، اور ملزم اکیلا ہی بیوی کی لاش دفنانے قبرستان لے کرگیا۔

حکام کے مطابق پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کاظم کو گرفتار کرلیا، اور اس کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا، جب کہ خاتون کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کردی گئی ہے۔