پاکستان آج بھی حقیقی منزل سے دور ہے، سراج الحق

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان آج بھی حقیقی منزل سے دور ہے۔ اپنے ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے مسلمانوں کی قربانیوں کورائیگاں کیا، ملک میں پارلیمنٹ، عدلیہ اور الیکشن کمیشن آزاد نہیں جبکہ معیشت آئی ایم ایف کے قبضے میں ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی دعویدارنام نہاد سیاسی جماعتیں خود جمہوریت کے تصور سے ناآشنا ہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک کی شہ رگ کشمیر دشمن کے قبضہ میں ہے، حکمران جماعتیں اپنے مفادات کے لیے عوام کو لڑا رہی ہیں، پاکستان کو سود سے پاک معیشت اور اسلامی نظام چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد اسلامی انقلاب کے لیے ہے ، کارکنان قیام پاکستان کے حقیقی پیغام کو گھر گھر عام کریں۔