لاہور: استحکام پاکستان پارٹی نے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی ناکامیاں سامنے لانے کا فیصلہ کر لیا۔ لاہور کے مقامی ہوٹل میں استحکام پاکستان پارٹی کی بڑی بیٹھک ہوئی جبکہ پارٹی رہنماؤں کو عشائیہ بھی دیا گیا، پیٹرن انچیف جہانگیر ترین اور صدر عبدالعلیم خان کے علاوہ ترجمان ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ، عمران اسماعیل، سردار تنویر الیاس اسحاق خاکوانی، محمود مولوی، غازی غلاب جمال، عون چوہدری نعمان لنگڑیال، فیاض لاہور: الحسن چوہان، نوریز شکور، شعیب صدیقی، میاں خالد محمود، چوہدری ظہیر اور سعید نوانی نے شرکت کی۔اس موقع پر سابق صوبائی وزیر کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا با ضابطہ اعلان بھی کیا۔
جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان نے پارٹی قائدین سے مشاورت کی جس میں بنیادی پارٹی پالیسی پر اتفاق رائے ہوا اور مشاورت میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی ناکامیاں سامنے لائیں گے۔ اس موقع پر جہانگیر ترین اورعبدالعلیم خان نے پارٹی کے نامزد ڈویژنل صدور اور دیگرعہدیداران کو مبارکباد بھی پیش کی۔ پارٹی قائدین کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ توانائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو فوکس کیا جائے جبکہ بجلی کے بلوں کا ایشو بھی اٹھایا جائے۔ پیٹرن انچیف نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت جاری کی کہ عام انتخابات کے لئے سخت محنت کریں۔
جہانگیر ترین نے عشائیے میں شریک رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کے مفاد میں خود کو پیچھے اور پارٹی کو آگے رکھیں گے، جہاں کسی کو ضرورت ہو گی پارٹی مکمل مدد فراہم کرے گی، نیا پاکستان بنانا خواب تھا اس خواب کو ضرور پورا کریں گے۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کسی سیاسی جماعت سے الحاق خارج ازامکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی ہر حلقے سے خود الیکشن میں حصہ لے گی ، دونوں حکومتیں آج ہونے والی تباہی و بربادی کی برابر کی ذمہ دار ہیں۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ صارفین کو تین سو یونٹ اور چھوٹے کسانوں کو ٹیوب ویل کی بجلی مفت دیں گے، کسی اور کو اہل کرانے کے لئے جہانگیر ترین نے خود کو نااہل کرا کر قربانی دی، عمران خان کی بدنصیبی تھی اس نے جہانگیر ترین کی صلاحیتوں سے فائدہ نہیں اٹھایا، جس جس نے نیکی کی عمران خان نے اس کو ضرور ڈسا، اب مکافات عمل ہورہا ہے۔