پولیس نے ایک شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی، فائل فوٹو 
 پولیس نے ایک شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی، فائل فوٹو 

جڑانوالہ میں قرآن پاک کی بے حرمتی پرچرچ نذر آتش

لاہور: جڑانوالہ میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر مشتعل افراد نے چرچ کو آگ لگا دی، واقعے کے بعد شہر کے حالات کشیدہ ہیں، پولیس نے ایک شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی۔

قرآن پاک کی بے حرمتی کے مبینہ واقعے پر پولیس نے توہینِ مذہب کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق شہری پرجڑانوالہ کے سنیما چوک میں توہین آمیز کلمات کہنے اور قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کا الزام ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس سنیما چوک پہنچی تو وہاں قرآن پاک کے اوراق موجود تھے جن پر سرخ قلم سے توہین آمیز الفاظ تحریر تھے اور ملزم موقع سے فرار ہوچکا تھا۔

ملزم کے خلاف توہینِ مذہب کی دفعات 295 بی اور 295 سی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جس کے تحت جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی جاسکتی ہے۔

اس واقعے کے بعد مشتعل افراد مقامی چرچ کے باہر پہنچے جہاں چند مشتعل افراد نے توڑ پھوڑ کی اور پھر آگ لگا دی گئی۔ کئی افراد نے اسسٹنٹ کمشنر کے دفترمیں بھی توڑ پھوڑ کی۔