الیکشن التوا چیلنج کریں گے، چیف جسٹس نوٹس لیں، شاہ محمود قریشی

لاہور(اُمت نیوز)وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عمرایوب اور مجھ سے منسوب خبروں میں کوئی صداقت نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کا کوئی متبادل نہیں ہوسکتا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انتخابات بروقت ہونے میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہئے، انتخابات 90 دن سے آگے گئے تو معاملہ چیلنج کریں گے، آئین واضح ہے کہ انتخابات 90 دن میں ہونے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان کی طرف سے سلمان اکرم راجہ پٹیشن تیار کر چکے ہیں، ہمارا مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلوں کو چیلنج کرنے کا ارادہ ہے، اس کے علاوہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ایک پٹیشن سپریم کورٹ میں چیلنج ہوچکی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نگراں وزیراعظم نے کہا تھا انتخابات شفاف ہوں گے، الیکشن پر سپریم کورٹ کی واضح ہدایات آچکی ہیں۔
واضح رہے کہ نجی چینل نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ کور کمیٹی میٹنگ کی تفصیلات اور ریکارڈنگ باہر نکلنے پر پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات لگائے گئے، پی ٹی آئی رہنماؤں نے ایک دوسرے کو غدار تک قرار دے دیا۔
دعوے میں کہا گیا کہ کئی پی ٹی آئی اراکین کی رائے تھی کہ کور کمیٹی اجلاس میں اب سنجیدہ معاملات پر گفتگو نہیں ہو سکتی، ممبر کور کمیٹی کا کہنا تھا کہ عمر ایوب اور شبلی فراز اجازت دیں تو پارٹی کے اندر غدار کی نشاندہی کردوں گا۔
نجی ٹی وی چینل نے مزید لکھا کہ ممبر کور کمیٹی نے اجلاس میں دعویٰ کیا کور کمیٹی میں غدار قرار دینے والے ممبر سے عمر ایوب مسلسل رابطوں میں ہیں۔
یہ بھی دعوٰ کیا گیا کہ عمر ایوب اور شاہ محمود قریشی کے درمیان بھی چیئرمین پی ٹی آئی کا جانشین بننے کے لیے کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ عثمان ڈار اور ان کے اہلِ خانہ سے جو سلوک برتا گیا اس کا کوئی قانونی و اخلاقی جواز نہیں، رات کے 2 بجے بچوں کو سڑک پر کھڑے کیا گیا، کارکنوں کو بند کیا گیا، فیکٹریوں کو سیل کیا گیا، عثمان ڈار کی فیکٹری سے ڈھائی ہزار خاندانوں کے گھر چل رہے تھے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ محسن لغاری کے بیٹے کو اٹھا لیا گیا، اس پر تشدد کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم سے کہوں گا آپ نے کہا تھا شفاف انتخابات یقینی بنائیں گے، انوارالحق کاکڑ صاحب کیا اس ماحول میں شفاف انتخابات ممکن ہیں، چیف جسٹس آف پاکستان کو ان معاملات کو نوٹس لینا چاہئے۔
وائس چئیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کور کمیٹی ممبران اور لیگل ٹیم مشکل صورتحال کا سامنا کر رہی ہے، عمرایوب اورمجھ سےمنسوب خبروں کی کوئی حیثیت نہیں۔