حمیرا احمد کا بحیثیت پرنسپل سیکریٹری صدر پاکستان خدمات انجام دینے سے انکار

اسلام آباد:صدر مملکت نے گزشتہ روز اپنے پرنسپل سیکریٹری وقار احمد کی خدمات واپس دیتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ حمیرا احمد کو سیکریٹری تعینات کیا جائے، تاہم حمیرا احمد نے صدر پاکستان کی پرنسپل سیکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دینے سے انکارکر دیا ۔

گزشتہ روز صدر عارف علوی نے وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری سید توقیر حسین شاہ کو خط لکھا تھا جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ ان کے پرنسپل سیکریٹری وقار احمد کو ہٹا کر حمیرا احمد کو سیکرٹری بنایا جائے۔

صدر نے کہا کہ انہیں وقار احمد کی خدمات مزید درکار نہیں رہی اوریہ خدمات فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سپرد کی جاتی ہیں۔“

ایوان صدر کی جانب سے سرکاری ٹوئٹر ہینڈل پریہ اعلان کیا گیا کہ صدرعارف علوی کے سیکریٹری وقاراحمد کو ان کے عہدے سے فارغ کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب 22 گریڈ کی افسر حمیرا احمد نے صدر پاکستان کی پرنسپل سیکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دینے سے انکار کر دیا ہے۔حمیرا احمد اس وقت نارکوٹکس ڈویژن کی سیکریٹری کی حیثیت سے کام کررہی ہیں۔