عمران خان کو ملک کو چھوڑنے کا کہا گیا، علیمہ خان کا دعویٰ

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ مختلف ذرائع سے عمران خان کو ملک کو چھوڑنے کا کہا گیا لیکن عمران خان کا جواب تھا کہ کوئی اپنا گھر بھی چھوڑتا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہائیکورٹ آکر پتہ چلا کہ وکیل کا پیٹ خراب ہوگیا اور وہ بستر پر ہیں، جتنے دن عمران خان جیل میں ہیں ان کے پیٹ خراب ہوتے رہیں گے، یہ انصاف نہیں دے پا رہے اس پر قوم سے معافی مانگنی چاہیئے ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ بے بس ہیں۔

علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا تحفظ حکام کی ذمے داری ہے، یہ پیٹ خراب کا ڈرامہ ختم ہونے تک ذمے داری متعلقہ حکام کی ہے، پنگ پانگ گیم کھیلی جارہی ہے، اب میں بولی ہوں تو مجھے بھی اب جیل میں ڈال دیں گے اور یہ ہم سب کو بھی ڈال دیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ مجھ پر 4 اور عظمہ خان پر 6 کیسز بنا دیے گئے ہیں، ہم نے بیگ پیک کر رکھا ہے ڈال دیں جیل میں لیکن یاد رکھیں عمران خان نہیں جھکے گا، اس کو تو وقت مل گیا ہے قرآن پڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت نے یقین دہانی کرائی ہے پیر کو ملاقات کا موقع ملے گا، پیر کو اجازت نہ دی تو اٹک جیل کے باہر جا کر بیٹھ جائیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی ان کے مہمان ہیں وہ جیل میں ان پر بوجھ بنتے جائیں گے۔

علیمہ خان نے الزام عائد کیا کہ شوکت خانم اور نمل کے دفتر میں آکر انہیں ہراساں کیا جاتا ہے۔