عمران خان کا 9 مئی واقعات میں ملوث افراد سے اظہار لاتعلقی

لاہور (اُمت نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 9 کے واقعات میں ملوث افراد سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کیلئے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے جمعہ کے روز اٹک جیل میں چیئرمین تحریک انصاف سے 6 مقدمات میں تفتیش کی، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور سمیت پوری جے آئی ٹی ٹیم نے سابق وزیر اعظم سے سوالات کئے۔
جے آئی ٹی نے پوچھا کہ 9 مئی کے بارے میں آپ کی جانب سے اشتعال دلانے کے شواہد موجود ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ میں گرفتار ہوگیا تھا، کسی کو فون کر کے اشتعال نہیں دلایا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ جے آئی ٹی نے سوال کیا کہ ایسی ویڈیوز اور کلپس ہیں جن میں مظاہرین آپ کا نام لیتے نظر آتے ہیں، جس پر سابق وزیر اعظم نے جواب دیا کہ کسی کو نہیں اکسایا سب اپنے طور پر کنٹونمنٹ کے علاقے میں گئے، جلاؤ گھیراؤ میں میری پارٹی کے کارکن نہیں، کوئی اور افراد تھے۔
جے آئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی سے جمعے کو آدھا گھنٹہ اٹک جیل میں تفتیش کی، واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی پر 9 مئی سے متعلق دہشت گردی کے 6 مقدمات درج ہیں۔