کراچی مہنگائی اور بجلی بلوں کیخلاف جماعت اسلامی کی ہڑتال

کراچی (اُمت نیوز)جماعت اسلامی مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف آج ملک گیر ہڑتال کررہی ہے۔
جماعت اسلامی کی ہڑتال پر نیشنل ہائی وے پر موجود دکانیں اور ہوٹل بند کردیے گئے جبکہ کئی مقامات پر سڑکیں بند کرادی گئیں۔
نیشنل ہائی وے پر ٹائر نذر آتش کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی معطل کردی گئی، جبکہ گلشن حدید سے چلنے والی ریڈ بس سروس بھی معطل کی گئی ہے۔ مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھرائو کر کے بھاگنے پر مجبورکردیا۔
قائدآباد منزل پمپ پر سیاسی جماعت کے کارکنان پہنچ گئے جبکہ ہیوی ٹریفک کی دائود چورنگی پر طویل قطارلگ گئیں ہیں۔ لسبیلہ پٹیل پاڑہ میں بھی ٹائر جلا کر ٹریفک روک دی گئی۔
اورنگی ٹاؤن 5 نمبرمیں بھی مہنگائی کےخلاف احتجاج کیا جا رہا ہے، مظاہرین نے سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کرتے ہوئے مہنگائی کے خلاف نعرے بازی کی۔
بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں اضافہ پر کراچی بارایسوسی ایشن کی جانب سے مکمّل ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے، وکلا کو عدالت میں پیش ہونے سے روک دیا۔
اسلام آباد میں مہنگائی اوراضافی بجلی بلوں کیخلاف شٹرڈاون ہڑتال کی جارہی ہے جبکہ آبپارہ مارکیٹ میں دکانیں کھلی ہوئی ہیں۔
جہلم میں بجلی پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف تاجر سراپا احتجاج ہیں ،شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے،وکلاء نے بھی عدالتوں کا بائیکاٹ کیا ہے۔
جماعت اسلامی کی کال پر گوجرانوالہ میں شٹرڈاون ہے، شہر کی بیشتر مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بند ہیں۔
جہانیاں میں انجمن تاجران اور جماعت اسلامی کی طرف سے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور شہر کے تمام کاروباری مراکز بند ہیں۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے آج مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت سے بجلی کی قیمت میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام 2 ستمبر کو گھروں سے باہر نکلیں، اپنے بچوں کے حقوق کے لئے باہر نکلیں، ہمارا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ حکومت بجلی کی قیمت میں اضافہ واپس لے۔