خواجہ آصف نے پولیس کے زریعے گھر پر حملہ کرایا،والدہ عثمان ڈار

اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی والدہ کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف نے ان کے گھر پر حملہ کرایا ہے۔
عثمان ڈار کی والدہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ میں دروازہ نہیں کھول رہی تھی، یہ لوگ دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ’ان لوگوں نے مجھے زدوکوب کیا، میرے سر سے چادر اتاری، میرے بال کھینچے‘۔
عثمان ڈار کی والدہ نے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ ان لوگوں سے پوچھیں یہ سب کیا ہورہا ہے۔

انہوں نے خواجہ آصف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا چیلنج ہے، میرے گھر کو بلڈوزروں سے ڈھیر بنا دو اور میدان میں آؤ، دیکھو میں تمہارے شیر کا کیا حشر کرتی ہوں، مجھے ہتھکڑیاں لگاؤ میں کاغذ جمع کراؤں گی‘۔

انہوں نے خواجہ آصف کو کہا کہ میرے الیکشن کے کاغذات جمع کرانے کا سن کر آپ نے میرے گھر پر پولیس کے 20 لوگ بھیج دیے، جو مجھے زدوکوب کرکے گئے ہیں، میں جیل میں بھی جاکر الیکشن لڑوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں چیف جسٹس صاحب سے انصاف چاہتی ہوں۔