دہشت گردوں کا مقابلہ ہم سب کو مل کر کرنا ہو گا:انوار الحق کاکڑ

کوئٹہ(اُمت نیوز)نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے بلوچستان میں رہنے والے ہر طبقے کو نشانہ بنایا،دہشت گردوں کا مقابلہ ہم سب کو مل کر کرنا ہو گا۔
کوئٹہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ہزارہ برادری کے ساتھ ہماری قربتیں پرانی ہیں، بلوچستان اور کوئٹہ میں ہزارہ برادری کی ایک پہچان ہے، ہزارہ برادری میں بڑی تعداد شہداء کی ہے،بلوچستان کا اصل خزانہ یہاں کی تہذیب اور لوگ ہیں، آج کے دن کو ہزارہ کے شہداء کے نام کرتا ہوں۔
نگران وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ ہمارے دشمن ایک ہیں، ہمارے اندر تفریق نہیں ہونی چاہیے، ہم اکٹھے ہوں گے، ان کا مقابلہ کریں گے، اسٹریٹ لڑائی بھی کریں گے، امن ہو گا تو ادب پیدا ہو گا، جنگ میں ادب پیدا نہیں ہو سکتا، امن ہو گا تو تہذیب پیدا ہو گی، سائنس کی ترویج ہو گی،ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے سب کو آگے آنا ہوگا۔