اسلام آباد: پی ٹی آئی کے رہنماسینیٹر اعظم خان سواتی نے مانسہرہ کے حلقہ این اے 15سے نواز شریف کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا ۔مرکزی میڈیا سیل کے مطابق اعظم سواتی نے کہا ہے کہ یہ وہ نواز شریف ہے جس نے میرے ملک کو لوٹا ہے، یہ وہ نواز شریف ہے جس نے اپنی اولاد کیلئے میرے ملک کے بچوں کا مستقبل تباہ کیا، یہ وہ نواز شریف ہے جس نے میرے ملک کے مقتدر اداروں پر انگلی اٹھائی، یہ وہ نواز شریف ہے جس نے میرے ملک کے مقتدر اداروں کو ہتک کی زبان سے پکارا، یہ وہ نواز شریف ہے جس نے اس ملک کی بنیادوں کو ہر طرح سے کھوکھلا کیا، یہ وہ نواز شریف ہے جس نے کبھی اس ملک سے وفا نہیں کی، یہ وہ نواز شریف ہے جس نے ملک کو لوٹ کر اپنے بچوں کیلئے العزیزیہ اور ایون فیلڈ میں جائیدادیں بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ 8 فروری ملک و قوم کیساتھ کئے گئے ظلم کا بدلہ لینے کا دن ہے، ووٹ کی پرچی کے ذریعے آپ سب کو اپنے اور آنے والی نسلوں پر احسان کرنا ہوگا، آپ کو ووٹ کے ذریعے اپنے ملک کو تباہی سے بچانا ہوگا، اگر مجھے پارٹی نے ٹکٹ دیا تو نواز شریف کا مقابلہ میں اور میری مانسہرہ کے عوام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کوبانی پی ٹی آئی کو جتوا کر پاکستان کے لیے ایک نئی نوید کا پیغام دیں گے۔یادرہے نواز شریف نے مانسہرہ میں قومی اسمبلی کے حلقہ 15 سے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے ہیں۔