چیف جسٹس پاکستان کیخلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے والا شخص گرفتار

راولپنڈی (اُمت نیوز)چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف سوشل میڈیا پر دھمکی آمیز کیمپین (مہم) چلانے والا شخص گرفتار کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق 20 فروری کو راولپنڈی کے علاقے پنڈورا کے رہائشی عبدالواسع نے چیف جسٹس پاکستان کے خلاف غلیظ اور دھمکی آمیز سوشل میڈیا کمپین میں حصہ لیا، عبدالواسع نے چیف جسٹس کو دھمکیاں دیں، کردار کشی کی سوشل میڈیا کمپین میں حصہ لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئےعبدالواسع کو حراست میں لے لیا۔

ذرائع نے بتایا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف سوشل میڈیا کیمپین میں باقی کرداروں کی شناخت کا عمل جاری ہے، مذموم سوشل میڈیا کمپین میں حصہ لینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔