پی ٹی آئی رہنما کے رابطے ثابت کرتے ہیں وہ ملک دشمن قوتوں کے کہنے پر پاکستان مخالف مہم چلا رہے ہیں، فائل فوٹو
پی ٹی آئی رہنما کے رابطے ثابت کرتے ہیں وہ ملک دشمن قوتوں کے کہنے پر پاکستان مخالف مہم چلا رہے ہیں، فائل فوٹو

بنوں امن مارچ واقعے میں پی ٹی آئی ملوث ہے،وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بنوں امن مارچ واقعے میں پی ٹی آئی ملوث ہے۔پی ٹی آئی ایک دہشتگرد جماعت ہے،دہشتگرد جماعت کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف کے خون میں تشدد کی سیاست ہے، یہ لوگ ہمیشہ لاشوں کی تلاش میں رہتے ہیں، اپنے ہی لوگوں کو مروا کر اس کا الزام سیکیورٹی فورسز پر لگاتے ہیں، یہ سیاسی نہیں بلکہ دہشت گرد جماعت ہے، آپ تحریک طالبان پاکستان تحریک انصاف (ٹی ٹی پی ٹی آئی ) ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بنوں کینٹ پر حملے میں 8 جوان شہید ہوئے، ان کی کوشش تھی سویلینز کی ہلاکت کا الزام فوج پر لگوائیں، بنوں میں تاجروں کے امن مارچ میں تحریک انصاف کے لوگ شامل ہوئے اور کینٹ پر حملے کے جائے وقوعہ پر فائرنگ کی، ان کے مسلح افراد جتھوں کی شکل میں شامل ہوئے اور دنگا فساد کرانے کی کوشش کی، جس سے ایک شخص جاں بحق اور 22 زخمی ہوئے، یہ واقعہ بھی اس دیوار سے ایک کلومیٹر دور پیش آیا، اللہ کا شکر ہے بڑے نقصان سے بچ گئے۔

عطا تارڑ نے کہاکہ 2014میں پی ٹی وی پر حملہ ہو اور توڑپھوڑ کی گئی،تشدد کی سیاست پی ٹی آئی کے خون میں بسی ہے، جن بچوں کو گمراہ کیا گیا تھا وہ آج بھی کیسز بھگت رہے ہیں،یہی ان کا منشور ہے،پی ٹی آئی نے ہمیشہ اپنے مخالفین کے خلاف غلط زبان استعمال کی،کسی جلسے میں 4افراد بے ہوش ہو گئے تو بانی پی ٹی آئی خوش ہوئے اور کہا چار لوگ مر گئے،بانی پی ٹی آئی کسی غلط فہمی میں نہ رہیں کہ مظلومیت کے پرچار سے کوئی ریلیف ملے گا،بانی پی ٹی آئی نے دہشتگردوں کو ملک میں لا کر بسایا،اسی لئے بانی پی ٹی آئی کو طالبان خان کہا جاتا تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ایک بین الاقوامی جریدے میں آرٹیکل آیا ہے بانی پی ٹی آئی کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے،مریم نواز سات ضرب آٹھ فٹ کے سیل میں رہیں، شہبازشریف کو کمر کی تکلیف کے باوجود بکتر بند گاڑی میں لایا جاتا تھا،ہم سیاسی انتقام کے خواہشمند نہیں رہے، نہ ہی انتقام لیا ہے،برطانوی صحافی کرسٹینالیمب نے لکھا ہے بانی پی ٹی آئی جیل میں پرتعیش زندگی گزار رہے ہیں،بانی پی ٹی آئی کو جیل میں نقصان پہنچانے کی کوئی دانستہ کوشش نہیں کی گئی،بانی پی ٹی آئی کو مانگنے پر ورزش کی سائیکل اور دیسی مرغی دی گئی ہے،ان کاکہناتھا کہ بانی پی ٹی آئی کے الفاظ ہیں کہ میں اے سی اتار دوں، ٹی وی بندکر دوں گا، دوائیاں نہیں جانے دو ں گا، اڈیالہ جیل میں آپ کا ایک پریزیڈنشل سویٹ ہے،بانی پی ٹی آئی کے پاس جیل میں ایکسرسائز مشین ہے، واک کرنے کیلئے گیلری ہے،پی ٹی آئی کی شروع سے کوشش رہی ہے کہ انتشاراورتشدد کی سیاست کی جائے،پی ٹی آئی جب حکومت میں تھی تب بھی اس کی یہی پالیسی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جرمنی میں پاکستانی قونصل خانے پر حملے میں ویڈیوز کی مدد سے کسی پاکستانی شہری کے ملوث ہونے کی شناخت کی جارہی ہے، ان کا شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ منسوخ کیا جائے گا، ان کیخلاف سخت ترین کارروائی ہوگی، اس میں سیاسی عناصر ملوث ہوئے تو عمران خان انہیں نہیں بچا سکیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان کی طرح دنیا کے کئی ممالک میں انٹرنیٹ ڈاؤن ہے حکومت کا کوئی تعلق نہیں،اگر فائر وال کا بھی کوئی معاملہ ہے بھی تووہ ڈیٹا سیکیورٹی سے متعلق ہے۔