اسلام آباد(اُمت نیوز) پاکستان کے نیول چیف سے برازیل بحریہ کے چیف آف سٹاف نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
پاک فوج کے ادارہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق برازیل بحریہ کے چیف آف سٹاف ایڈمرل آندرے لوئیز سلوا لیما ڈی سنتانا مینڈس نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے معزز مہمان سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے مہمان کا استقبال کیا،پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معززمہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا، مہمان نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی، بعدازاں نیول ہیڈکوارٹرز کے پرنسپل سٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف کرایا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز کے ذریعے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے پاک بحریہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی،مہمان کو پاک بحریہ کی ذمہ داریوں اور استعداد کار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی،برازیل بحریہ کے چیف آف سٹاف نے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ایڈمرل آندرے لوئیز سلوا لیما ڈی سنتانا مینڈس کے دورے سے دونوں ممالک با لخصوص بحری افواج کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔