اسلام آباد(اُمت نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور کشمیر میں صبح سویرے تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا۔
جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں صبح سویرے سے تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے باعث سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا۔
جہلم ، گوجرخان، راوت، کلرسیداں، اٹک، ٹیکسلا، چکوال، ہری پور سمیت دیگر اضلاع میں بارش جاری ہے، اس کے علاوہ مری، ایبٹ آباد اور گلیات میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش جاری ہے جبکہ کشمیر میں بھی برسات کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہواؤں کے باعث آج سے بدھ تک ملک بھر میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کشمیر، اسلام آباد، پنجاب اور بالائی خیبرپختونخوا میں مزید برسات برسے گی جبکہ گلگت بلتستان میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم گرم اور شدید حبس رہے گا جبکہ دیر، سوات، کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ میں بارش کا امکان ہے، پشاور، مردان، صوابی، کوہاٹ، کرک، مالاکنڈ، باجوڑمیں بارش متوقع ہے۔
آج سے منگل تک سندھ کے ضلع سانگھڑ، میرپورخاص، عمر کوٹ، بدین اور دیگر ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ میں بارش کا امکان ہے، اس کے علاوہ لاہور، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن، فیصل آباد، رحیم یارخان، بہاولپور، بہاولنگر، سرگودھا، میانوالی اور خوشاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
دوسری جانب کراچی میں آج اور پیر کو درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے، شہرقائد میں کل سے تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ آج شام یا رات میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔