دھرنے اور لانگ مارچ، عدالتوں کے فیصلوں نے ہمیں مشکل میں ڈالا ہے، فائل فوٹو
دھرنے اور لانگ مارچ، عدالتوں کے فیصلوں نے ہمیں مشکل میں ڈالا ہے، فائل فوٹو

چند ججوں اور جرنیلوں نے ایک اناڑی کو پاکستان پر مسلط کیا، احسن اقبال

لاہور: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن تھا کہ چند ججوں اور جرنیلوں نے ایک اناڑی کو پاکستان پر مسلط کردیا۔

احسن اقبال نے ایکسپو سینٹر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے، زراعت کے شعبے سے اربوں ڈالر کی برآمدات سے وسائل میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر شعبے میں بہت گنجائش ہے، پاکستان نے اگر آگے بڑھنا ہے تو برآمدات میں اضافہ کرنا پڑے گا، ہمیں ایسے چلنا ہے جیسے ارشد ندیم نے پاکستان کے پرچم کو بلند کیا ہے، ارشد ندیم سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ وسائل کی کمی کے باوجود بھی کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اگر ارشد ندیم گولڈ میڈل جیت سکتا ہے تو وسائل سے مالا مال اس ملک کو ترقی کا گولڈ میڈل کیوں نہیں جتواسکتے، کل رات ارشد ندیم کے والد نے بتایا کہ میں نے رزق حلال سے اپنے بچوں کو پالا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ بہت کچھ ہوچکا، دھرنے اور لانگ مارچ، عدالتوں کے فیصلوں نے ہمیں مشکل میں ڈالا ہے، پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن تھا کہ چند ججوں اور جرنیلوں نے ایک اناڑی کو پاکستان پر مسلط کردیا۔