انڈس موٹرز کے سی ای او علی اصغر جمالی نے ارشد ندیم کو گاڑی دینے کا اعلان کیا، فائل فوٹو
انڈس موٹرز کے سی ای او علی اصغر جمالی نے ارشد ندیم کو گاڑی دینے کا اعلان کیا، فائل فوٹو

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے ارشد ندیم کو 50 ملین کا چیک دے دیا

کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو 50 ملین روپے کا چیک انعام میں دے دیا۔

مراد علی شاہ نے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو وزیرِ اعلیٰ ہاؤس آنے کی دعوت دی تھی۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ارشد ندیم کا وزیرِ اعلیٰ ہاؤس آمد پر استقبال کیا اور صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بریک کر کے ان سے ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ نے پیرس میں گولڈ میڈل ملنے سے پہلے کال کر کے مبارک باد دی تھی، مجھے آپ (وزیراعلیٰ سندھ) سے مل کر بہت خوشی ہوئی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آپ کے لیے پیغام دیا ہے کہ آپ کو اگلے اولمپکس کے لیے ابھی سے تیاری کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری 24 کروڑ آبادی ہے، 24 گولڈ میڈل ملک میں ہونے چاہئیں، سندھ حکومت آپ کی بھرپور سپورٹ کرتی رہے گی، آپ صرف ایک فون کال کریں میں آپ سے بات کروں گا۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ارشد ندیم کے کوچ کے لیے بھی 5 ملین روپے دینے کا اعلان کیا جبکہ صوبائی وزیر ناصر شاہ نے ارشد ندیم کی والدہ کے لیے گاڑی دینے کا اعلان کیا

انڈس موٹرز کے سی ای او علی اصغر جمالی نے ارشد ندیم کو گاڑی دینے کا اعلان کیا، سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے ارشد ندیم کو کہا کہ آپ کو گاڑی کی رجسٹریشن کے لیے جو نمبر چاہیے وہ دیں گے۔

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے شہر کراچی میں سڑک کا نام ارشد ندیم رکھنے کا اعلان کیا اور وزیر کھیل محمد بخش مہر نے بھی اپنی طرف سے ارشد ندیم کو چیک پیش کیا۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ارشد ندیم کے نام پر اکیڈمی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔