اسلام آباد(اُمت نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی ادارہء صحت کی جانب سے منکی پاکس کو پبلک ہیلتھ ایمرجینسی قرار دیا گیا جس کے بعد پاکستان میں بھی اس بیماری کے حوالے سے کڑی نگرانی کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف کی زیر صدارت منکی پاکس کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، وزیراعظم نے ملک کے ہوائی اڈوں، بندر گاہوں اور بارڈرز پر منکی پاکس کی اسکریننگ کی نظام کو مؤثر بنانے کی ہدایت دی۔
انہوں نے بارڈر ہیلتھ سروسز کو صورتحال کی بھرپور نگرانی اور سخت سرویلنس کی ہدایت بھی دی۔
وزیراعظم نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر کو منکی پاکس کی صورتحال پر گہری نظر رکھنے اور اس حوالے سے روانہ جائزہ لینے کی ہدایت جاری کی۔
ان کا کہنا تھا کہ منکی پاکس کی جانچ کے حوالے سے تمام ضروری آلات اور کٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
محمد شہباز شریف نے منکی پاکس کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے صوبائی حکومتوں، حکومت گلگت بلتستان اور حکومت آزاد جموں و کشمیر سے روابط بہتر بنانے کی ہدایت دی۔
وزیراعظم نے منکی پاکس کے حوالے سے مؤثر اور جامع آگہی مہم شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منکی پاکس کی حوالے سے ہفتہ وار بریفنگ لیا کروں گا۔
اجلاس کو ملک میں منکی پاکس کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں ضلع مردان کے ایک شخص میں منکی پاکس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، متاثرہ شخص روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم تھا اور حال ہی میں پاکستان آیا۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ متاثرہ شخص کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، متاثرہ شخص کی حالت خطرے سے باہر ہے، پاکستان میں اس وقت منکی پاکس کی لوکل ٹرانسمشن نہیں ہے، عالمی ادارہء صحت کی جانب سے 14 اگست 2024 کو منکی پاکس کو پبلک ہیلتھ ایمر جینسی قرار دیا گیا جس کے بعد این سی او سی کی جانب سے نیشنل ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔
بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منکی پاکس کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں، منکی پاکس کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں، وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں منکی پاکس کے حوالے سے آگہی مہم کا آغاز کر رہی ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ منکی پاکس کے حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کی نگرانی کرے گی، صوبائی حکومتوں، حکومت گلگت بلتستان ، حکومت آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری انتظامیہ نے بڑے اسپتالوں میں آئیسولیشن وارڈز اور بستر منکی پاکس کے ممکنہ مریضوں کے لئے مختص کیے ہیں، تمام وفاقی اکائیاں منکی پاکس کے حوالے سے پیشگی اقدامات اٹھا رہی ہیں۔
اجلاس میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ ، وفاقی سیکرٹری قومی صحت ندیم محبوب، چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹریز، چیف کمشنر اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔