واقعات کالعدم تنظیم کی جانب سے کیےگئے،کوئی گرفتاری نہیں ہوئی، فائل فوٹو
واقعات کالعدم تنظیم کی جانب سے کیےگئے،کوئی گرفتاری نہیں ہوئی، فائل فوٹو

موسیٰ خیل میں گاڑیوں سے اتار کر شناخت کے بعد 23 افراد قتل

کوئٹہ: موسیٰ خیل میں مسلح افراد نے شاہراہ پر ناکہ لگا کر مختلف گاڑیوں سے مسافروں کو اتارا اور 23 مسافروں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

ایس پی موسیٰ خیل ایوب اچکزئی کے مطابق بین الصوبائی شاہراہ پر راڑہ شم کے قریب مسلح افراد نے ناکہ لگا کر مذموم کارروائی کی۔

مسلح افراد نے ٹرکوں اور بسوں سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے مسافروں کو اتارا اور پھرانہیں گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔

ایس پی موسیٰ خیل کے مطابق مسلح افراد نے فرار ہونے سے قبل 10 سے زائد گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اور لیویز نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا، جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب سے ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق پولیس کی بھاری نفری کے علاوہ لیویز حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان نے موسیٰ خیل میں مسافروں کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے دہشت گردوں کے حملے میں قیمتی اِنسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ انسانوں کا ظالمانہ قتل پوری انسانیت کا قتل ہے، دہشت گرد ملک و قوم اور انسانیت کے دُشمن ہیں، معصوم شہریوں کے انسانیت سوز قتل میں ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا۔

صدر مملکت نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے قومی عزم کا اظہار بھی کیا۔

آصف علی زرداری نے واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھی موسیٰ خیل میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی گئی۔

وزیراعظم نے مقامی انتظامیہ کو لواحقین کے ساتھ مکمل تعاون اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردی کے بدترین واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موسیٰ خیل کے قریب دہشت گردوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بناکر ظلم کا مظاہرہ کیا، سفاکیت اور ظلم کی انتہا کی گئی، دہشت گردوں اور سہولت کار عبرتناک انجام سے بچ نہیں پائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ زندگی کے ہر طبقے نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی موسیٰ خیل کے قریب دہشتگردی کے بدترین واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے 23 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہارتعزیت کیا۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ موسیٰ خیل کے قریب دہشتگردوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا، دہشتگرد اور سہولت کار عبرتناک انجام سے بچ نہیں پائیں گے، بلوچستان حکومت دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا پیچھا کرے گی۔

دریں اثنا، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 23 بے گناہ افراد کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔