این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا، فائل فوٹو
 این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا، فائل فوٹو

کراچی، ممکنہ سمندری طوفان کے باعث ٹروپیکل سائیکلون الرٹ جاری

کراچی: بھارت کے رن آف کچھ پر ڈیپ ڈپریشن اور شمال مشرقی بحیرہ عرب میں ممکنہ سمندری طوفان کے باعث محکمہ موسمیات نے ٹروپیکل سائیکلون الرٹ جاری کر دیا۔

بھارت کے رن آف کچھ پر ہوا کے شدید کم دباؤ کے باعث شمال مشرقی بحیرہ عرب میں ممکنہ سمندری طوفان کا خطرہ پیدا ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیپ ڈپریشن (ڈی ڈی، بہت مضبوط کم دباؤ کا علاقہ) رن آف کچھ، ہندوستان کے اوپر پچھلے 12 گھنٹوں کے دوران بہت آہستہ آہستہ مغرب اور جنوب مغرب میں منتقل ہوا، اب یہ کراچی کے جنوب مشرق میں تقریباً 270 کلومیٹر کی دوری پر موجود ہے۔

امکان ہے کہ یہ نظام مغرب اور جنوب مغرب کی طرف بڑھے گا جبکہ آج رات گئے یا کل صبح تک سندھ کے ساحل کے ساتھ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں پہنچے گا۔

سازگار ماحولیاتی حالات، سمندر کی سطح کا درجہ حرارت اور بالائی سطح کے ڈائیورژن کی وجہ سے، یہ نظام کل تک مزید شدت اختیار کر کے سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔

سائیکلونک طوفان کے ابتدائی طور پر مغرب اور جنوب مغربی سمت بڑھنے کا امکان ہے جس کے زیر اثر کراچی ڈویژن، تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدر آباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، مٹیاری، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، جامشورو، دادو میں 31 اگست تک آندھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

تقریباً 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ سمندر ناہموار اور بہت ناہموار رہنے کا امکان ہے جبکہ ماہی گیروں کو 31 اگست تک سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات سائیکلون وارننگ سینٹر اور کراچی سسٹم کی نگرانی کر رہا ہے، متعلقہ حکام سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری کے ذریعے باخبر رہیں۔

بحیرہ عرب میں طوفان بننے کے بعد اسے ’’اسنا‘‘ کا نام دیا جائے گا جو پاکستان کا تجویز کردہ ہے، اسنا کے معنی بلند تر کے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے محکمہ موسیمات پی ڈی ایم اے کی سائیکلون الرٹ سے متعلق متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردیں۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق پیش گوئی کے بعد صوبے کے بیشتر اضلاع میں طوفانی بارشون کا امکان ہے جس کے بعد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے تمام محکموں بالخصوص انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کو مزید متحرک رہنے کے احکامات جاری کردیے۔