لاہور(اُمت نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی سے متعلق مقدمات کی سماعت کے دوران جے آئی ٹی سربراہ کو طلب کرلیا۔
9 مئی کے مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت انسداددہشت گردی عدالت لاہور میں ہوئی، جس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، اعظم سواتی سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پہنچے۔
دوران سماعت انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج ارشد جاوید نے ریمارکس دیے کہ ہم تمام ملزمان کی عبوری ضمانتوں پر اکھٹی سماعت کریں گے۔ اگر ان کیسز میں جی آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے تو اس کا ہیڈ کیوں پیش نہیں ہوتا ؟
فواد چوہدری نے عدالت کو بتایا کہ مجھ پر 9 مئی کا کوئی الزام نہیں ہے۔ میرا 7 مئی کی مبینہ سازش والی میٹنگ سے کوئی تعلق نہیں۔ میں نے مئی میں ٹویٹ کیے تھے کہ اگر عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد نہ ہوا تو ملک کے لیے بہتر نہیں۔