فائل فوٹو
فائل فوٹو

سپریم کورٹ، پنجاب میں الیکشن ٹریبونلز کے قیام سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں پنجاب کے 8 الیکشن ٹربیونلز کے قیام کا معاملہ حل ہوگیا۔ مشاورت کے بعد 4الیکشن ٹربیونلز پر نام فائنل، 4ریٹائرڈ ججز کا تقرر الیکشن کمیشن کرے گا۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اور چیف الیکشن کمشنر کی مشاورت کے میٹنگ منٹس پیش کر دیے گئے ، جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

پنجاب میں الیکشن ٹریبونلز کے قیام سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی جس میں پی ٹی آئی کے وکیل نے چیف جسٹس پر اعتراض کردیا۔ چیف جسٹس نے پی ٹی آئی کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ مرضی کے ججز سے فیصلےچاہتے ہیں؟۔

دوران سماعت پی ٹی آئی کے وکیل حامد خان نے کہا کہ ہم نے ایک درخواست دائر کر رکھی ہے، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم پہلے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو سُن لیتے ہیں۔ حامد خان نے کہا کہ ہم نے بینچ سے علیحدگی کی ایک درخواست دائر کر رکھی ہے، جس پر چیف جسٹس نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا احترام کرتے ہیں، آپ بیٹھ جائیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کوعدالتی کارروائی کی آخری سماعت کا آرڈر پڑھنے دیں۔ آپ کو سنیں گے۔