اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈی چوک پر پی ٹی آئی جلسے کے تناظر میں ایک مرتبہ پھر خبردار کیا ہے کہ تحریک انصاف جو کر رہی ہے اس کی اجازت نہیں دے سکتے، ویڈیوز میں دیکھ سکتے ہیں آنے والوں کے پاس ہتھیار ہیں، ہماری جتنی بھی فورس ہے ان میں کسی کے پاس گن نہیں ۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی طرف سے اسلام آباد پر دھاوا بولا جا رہا ہے، گنڈا پور کو سوچنا چاہیے وہ کیا اور کیوں کر رہے ہیں۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ احتجاج کا سوچنے والے پھر غور کریں، جلسے جلوس ہر پاکستانی کا حق ہے مگر یہ جو کر رہے ہیں وہ طریقہ کار غلط ہے، راستوں کی بندش پر شہریوں سے معذرت خواہ ہیں، باہر سے آئے مہمانوں کی سیکیورٹی اہم ہے۔
انہوں نے کہاکہ کل بھی درخواست کی تھی کہ ابھی جلسے اور احتجاج نہ کریں، جلسے جلوس ہر پاکستانی کا حق ہے مگر یہ جو کر رہے ہیں وہ طریقہ کار غلط ہے، اسلام آباد پولیس اور انتظامیہ اپنا کام پورا کرے گی، ہم اس چیز کی اجازت نہیں دے سکتے، ساری صورتحال آپ کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہمانوں کو یقین دلانا ہے، آپ محفوظ ملک میں آئے ہیں، جو لوگ بھی احتجاج کا سوچ رہے ہیں، وہ ایک بارپھرسوچیں، ایس پی کے علاوہ یہاں ایک پولیس اہلکار کے پاس بھی گن نہیں۔