راولپنڈی: پاک بحریہ اور امریکی بحریہ کی بحیرہ عرب میں مشترکہ بحری مشقوں کا انعقاد کیاگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بحری مشق میں پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس بابر جبکہ امریکی بحریہ کے جہاز یو ایس ایس اوکین نے شرکت کی۔مشق کے دوران مختلف بحری آپریشنز کا مظاہرہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق میں شریک امریکی بحریہ کے جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے کمانڈر پاکستان فلیٹ رئیر ایڈمرل عبدالمنیب سے بھی ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا یہ بحری مشقیں علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاک بحریہ کے عزم کی مظہر ہیں۔ امریکی بحریہ کے جہاز کا دورہ بالعموم دونوں ممالک کے کثیر المدتی دو طرفہ تعلقات اور بالخصوص بحری تعاون کا عکاس ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا پاک بحریہ خطے میں ہر طرح کے روایتی اور غیر روایتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کوشاں ہے۔