آئینی ترمیم پر اتفاق تک پہنچنے کے لیے بلاول بھٹو نے بڑا کردار ادا کیا ہے، فائل فوٹو
آئینی ترمیم پر اتفاق تک پہنچنے کے لیے بلاول بھٹو نے بڑا کردار ادا کیا ہے، فائل فوٹو

آئینی ترمیم کے مسودے پراتفاق ہو گیا ہے،مولانا فضل الرحمٰن

کراچی: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے اعلان کیا ہے کہ ان کی جماعت کا آئینی ترمیم کے مسودے پر پاکستان پیپلز پارٹی سے اتفاق ہو گیا ہے اور اب ہماری کوشش ہو گی کہ حکومتی جماعت سمیت دیگر جماعتیں بھی ہم سے متفق ہو جائیں گی۔

کراچی میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وہ مجوزہ آئینی ترمیم کے حوالے سے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے اور یہ ایک ایسا معاملہ ہے جس میں ملک کا مفاد ہے۔

انھوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہو گی کہ اس بل پر ایسا اتفاق رائے پیدا کیا جائے جس سے یہ آئینی ترمیم متفقہ طور پر منظور ہو، آئینی ترمیم پر اتفاق تک پہنچنے کے لیے بلاول بھٹو نے بڑا کردار ادا کیا ہے جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک میں جب بھی کامیاب آئین سازی ہوئی ہے اس میں پاکستان پیپلز پارٹی اور جے یو آئی نے کردار ادا کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’کل ہمیں رائیونڈ میں کھانے کی دعوت دی گئی ہے، ہماری کوشش ہوگی آج جو اتفاق رائے ہوا ہے وہ کل مسلم لیگ ن، جے یو آئی اور پیپلز پارٹی تینوں جماعتوں کے درمیان ہو جائے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی خواہش ہے کہ تمام جماعتوں کے درمیان آئینی ترمیم سے متعلق اتفاق رائے پیدا ہو اور اگر یہ ہوتا ہے تو یہ ہمارے ملک کے حق میں بہتر ہوگا، ہم سب کا آئینی ترمیم کا مقصد عوامی مسائل کا حل نکالنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔