فائل فوٹو
فائل فوٹو

عمران خان اور گرفتار کارکنان کی رہائی کیلیے کل احتجاج کرینگے، گنڈاپور

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ کل بانی پی ٹی آئی عمران خان اور گرفتار کارکنان کی رہائی کیلیے بھرپور احتجاج کریں گے۔

پی ٹی آئی کارکنان کے نام اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورکا کہنا تھا کہ کل نماز جمعہ کے بعد ہر شہر میں بھرپور طریقے سے نکلنا ہے، ملک بھر میں پر امن احتجاج کرنا ہے، بانی پی ٹی آئی، ورکروں اور لیڈروں کی رہائی کےلیے احتجاج کرناہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہیں کرائی جارہی، عمران خان سے ملاقات نہ کرانے کے خلاف بھی احتجاج کریں، آپ لوگوں نے نکل کر پر امن احتجاج کرنا ہے، ایک غیر آئینی ترامیم کی جارہی ہے اس کے خلاف بھی آواز اٹھانی ہے۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ جو اس وقت فیصلے کررہے ہیں ان کو پیغام دیتا ہوں ایسے فصیلے نہ کریں جو اس ملک و قوم کے مفاد میں نہیں، آپ ان فیصلوں کے جوابدہ ہیں، آپ کو جواب دینا پڑےگا، ان فیصلوں سے ملک و قوم کے جو نقصانات ہو رہے ہیں اس کی ذمہ آپ پر عائد ہوگی۔