راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے آذربائیجان کی قومی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں۔
آئی ایس پی آرکے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے دورہ آذربائیجان کے دوران آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات مضبوط کرنے پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی اور متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان فوجی تعاون بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا، ملاقاتوں میں امن و استحکام کے لیے اجتماعی عزم کا اعادہ کیا گیا۔آذربائیجان کی قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آذربائیجان کی قیادت نے پاکستان کے ساتھ گہرے تعلقات استوار کرنے کے لیے تعاون کو وسعت دینے کا عزم کیا۔