فائل فوٹو
فائل فوٹو

190ملین پاؤنڈ ریفرنس، ملزمان نے سوال نامے کے جواب جمع نہیں کرائے

راولپنڈی: 190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے آج بھی 342 کے تحت جاری سوال ناموں کے جواب داخل نہ کروائے گئے،عدالت ملزمان سے سوالناموں پر جواب طلب کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی اڈیالہ جیل میں سماعت ہوئی،ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی،سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے عدالت پیش کیا گیا،ملزمان کی جانب سے عثمان گل اور چوہدری ظہیر عباس عدالت پیش ہوئے ،نیب کی جانب سے امجد پرویز اور سردار مظفر عباسی لیگل ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے،ملزمان کی جانب سے آج بھی 342 کے تحت جاری سوال ناموں کے جواب جمع نہیں کرائے گئے۔

سماعت کے دوران بشری بی بی عدالت پیش نہ ہوئی،طبی بنیادوں پر ملزمہ کی حاضری سے ایک روزہ استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، نیب وکلا نے کہا کہ ہمیں ملزمہ بشری بی بی کی طبی بنیادوں پر پیش کی گئی درخواست پر بھی اعتراض نہیں،تاہم قانون کے مطابق درخواست کے ساتھ پلیڈر مقرر کیا جائے، عدالت نے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست  منظور کرلی۔

وکلا صفائی نے 16 گواہان کی لسٹ پیش کردی اورعدالتی گواہ کے طور پر طلب کرنے کی استدعا کی، نیب وکلا نے کہاکہ کسی کو عدالتی گواہ کے طور پر طلب کرنے کا اختیار عدالت کا ہے،اس درخواست پر اعتراض نہیں لیکن عدالت اسے مناسب وقت کیلئے رکھ لے،نیب وکلا نے کہاکہ ضابطہ فوجداری کے مطابق گواہان کی شہادت مکمل ہونے پر ملزمان سوالات کے جواب دیتے ہیں۔

قانون کے مطابق ملزمان سے 342 کے سوال ناموں پر جواب طلب کئے جائیں،ملزمان کے پاس ابھی اپنے دفاع میں گواہ پیش کرنے کا حق بھی ہے،اس وقت 16 گواہان کو طلب کرنے کا مقصد صرف کیس کو طول دینا ہے۔

عدالت نے وکلا صفائی کی گواہان طلب کرنے کی درخواست کو مناسب وقت پر سماعت کیلئے رکھ لیا،عدالت نے سماعت کل 20 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے ملزمان سے سوالناموں پر جواب طلب کر لیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔