اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ نے کہا ہے کہ ریاست تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے لیکن بشریٰ بی بی لاشیں گرانے کی منصوبہ بندی کے ساتھ آئی ہیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے عطاتارڑ نے مزید کہا کہ کرایہ کے لوگوں کو فرنٹ پر لایا گیا ہے اور یہ غریبوں کے بچوں کو ایندھن بنا رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ 9 مئی کے مقاصد کو دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست صبر کا مظاہرہ کررہی ہے اور لاشیں گرانا نہیں چاہتی جب کہ بشریٰ بی بی منصوبہ بناکر آئی ہے کہ لاشیں گرانی ہیں اور خون خرابہ کرانا ہے ویسے بھی ان کے ’’عمل‘‘ کا جو پروسس ہے وہ خون گرانے سے ہی چلتا ہے خون خرابے کے بغیر ان کا گزارا نہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ انہوں ںے غریب کے بچے کو مار کھانے کے لیے آگے کردیا ہے اور کچھ کرائے کے لوگ پیسے دے کر آگے کردیے ہیں جو کبھی شیل، بنٹے، پتھر پھینکتے ہیں اس میں افغانی باشندے اور کرائے کے لائے ہوئے لوگ بھی ہیں، عمران خان اپنے بیٹوں کو فرنٹ پر لائیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ آپ کا مقصد آج بھی نو مئی والا ہے کہ خون بہے، رینجرز اہلکار اور پولیس اہلکاروں کی شہادت کا خون کس کے اوپر تلاش کیا جائے، ہم جواب دیں گے مگر آپ چاہتے ہیں کہ گولی کا جواب گولی سے دیں تو آپ کا یہ مقصد پورا نہیں ہوگا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے پی ٹی آئی کے لیے کوئی نہیں نکلا، ہم نے جو مظاہرین پکڑے ہیں آپ کے سامنے لانے کو تیار ہیں وہ کہتے ہیں کہ ہمیں پیسے دے کر کہا گیا تھا کہ مظاہرے میں جانا ہے، میں بشریٰ بی بی کو دعوت دیتا ہوں کہ خود کیوں ڈی چوک نہیں آتیں؟ خود کیوں شہید ملت چوک سے بھی پیچھے چھپی ہوئی ہیں، افغانیوں کے پیچھے کیوں چھی ہوئی ہیں؟
وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ واحد جماعت ہے جس کے احتجاج میں افغانی شامل ہوتے ہیں، یہ چاہتے ہیں کوئی سانحہ ہو اور بعد میں اس کا فائدہ اٹھایا جائے، میڈیا ان کا انٹرویو کرے پکڑے گئے مظاہرین میں سے کچھ کرائے کے ہیں، کچھ افغانی ہیں کچھ شہادت کے لیے تیار ہیں۔
عطاتارڑ نے یہ بھی ذکر کیا کہ پیسے دے کر احتجاج کے لیے لائے گئے لوگوں کو ڈھال بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ بیلاروس کا وفد پاکستان کے اہم دورے پر ہے اور ریاست فسادیوں اور انتشاریوں کا کوئی مقصد پورا نہیں ہونے دے گی۔