اسلام آباد(اُمت نیوز)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس کے1 لاکھ پوائنٹس سے تجاوز ہونے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔
اس حوالے سے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ حکومتی پالیسیوں پر کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے بھروسے کا عکاس ہے، اس سنگِ میل کو عبور کرنے کے لیے حکومتی معاشی ٹیم اور دیگر حکام لائقِ تحسین ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ قوم سے عہد کیا تھا ملکی معاشی استحکام اور ملکی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدام کروں گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے اپنی سیاست کی قربانی دی، اللّٰہ کے فضل و کرم سے قربانی رائیگاں نہیں گئی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ استحکام و ترقی کے دشمن ملک کو دوبارہ ڈی ریل کرنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں، ملکی ترقی کے لیے یوں ہی محنت کرتے رہیں گے، ملکی ترقی و خوشحالی کے دشمنوں کو مزموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید کمی ہوئی ہے، شرح سود 15 فیصد اور ترسیلاتِ زر ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے۔