کراچی: اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں مزید دو فیصد کمی کردی جس کے بعد شرح سود 15 فیصد سے کم ہوکر 13 فیصد کی سطح پر آگئی۔
گورنر اسٹیٹ بینک کے زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں نئی مانیٹری پالیسی وضع کی گئی۔ اجلاس بعد اسٹیٹ بینک کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس کے مطابق شرح سود میں 200 بیسس پوائنٹس کی کمی کردی گئی۔
اعلامیے کے مطابق کمی کے بعد پالیسی ریٹ 15 فیصد سے کم ہوکر 13 فیصد پر آگیا ہے۔
مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ شرح سود میں کمی سے پیداواری لاگت میں کمی آئے گی۔
ماہر معاشیات خاقان نجیب کا کہنا ہے کہ حکومت کو مہنگائی کی شرح پر نظر رکھنا ہوگی تو شرح سود بڑھانا نہ پڑے، اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ اب بھی ایک مسئلہ ہے۔
خاقان نجیب نے مزید کہا کہ شرح سود کا 22 فیصد سے 13 فیصد پر آنا ایک بڑی پیشرفت ہے ۔
واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں کمی کا تسلسل جاری ہے اور یہ پانچویں بار شرح سود کم کی گئی ہے۔