پشاور: تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شوکت یوسفزئی نے وزیر دفاع اور گورنر خیبرپختونخوا کے بیانات پر اپنے ردِعمل کا اظہار کر دیا۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی ایک ٹوئٹ کرتے ہیں تو ان سب کی چیخیں نکل جاتی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کسی کے کہنے یا خوف کی وجہ سے مذاکرات نہیں کر رہی بلکہ ملک کے مفاد میں مذاکرات کر رہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت مذاکرات کو سبوتاژ کر رہی ہے، خواجہ آصف مایوسی پھیلا رہے ہیں، کنفیوز بندہ وزیر دفاع کیسے ہو سکتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب، تمام وزرا بانیٔ پی ٹی آئی کے خلاف پروپیگنڈا کرتے نظر آ رہے ہیں۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کبھی بھی این آر او نہیں لیں گے، این آر او لینے والے اب رائیونڈ میں آرام کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی کوششوں سے کرم کا معاملہ حل ہو گیا ہے، کرم کا کامیاب امن معاہدہ اب گورنر خیبرپختونخوا کے پیٹ کا مروڑ بن گیا ہے۔