لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ جب سے عمران خان کا منہ بند ہے ملک کا ہر شعبہ ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے۔
اسد قیصر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز اڈیالہ جیل کے قیدی اور اس کے چمچوں کے اعصاب پر سوار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو آپ کے مہاتما کی خواہش پر 2018 کے الیکشن سے قبل نااہل کروایا پھر باپ کے سامنے گرفتار کروایا لیکن مریم نواز آج تاریخ کے بھاری مینڈیٹ سے وزیراعلیٰ بن کر پنجاب کی خدمت کر رہی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لیڈر جیل میں بیٹھا انتشار پھیلانے کی پلاننگ کرتا اور چیلے باہر مگر مچھ کے آنسو بہاتے ہیں، فتنے اور فتنہ پارٹی کی مکاریاں اور عیاریاں قوم بخوبی سمجھ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل تک جو سب کو کہتا تھا چھوڑوں گا نہیں آج وہ سب کے پاؤں پکڑ رہا، جس کی فطرت میں ڈنگ مارنا ہو اس سانپ کو دودھ پلانے کی ضرورت نہیں، جس نے اپنے ہر محسن سے غداری کی اس سے مزید ہمدردی کی توقع مت رکھیں۔