راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی پر2 الگ الگ آپریشنز کے دوران 9 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ 2 گرفتار کرلیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دونوں کارروائیاں 11 اور 12 جنوری کی درمیانی شب کی گئیں، شمالی وزیرستان کے علاقے دوسیلی میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آرکے مطابقآپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز سے نشانہ بنایا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں 6 خوارج مارے گئے جبکہ 2 کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دوسرا آپریشن شمالی وزیر ستان کے علاقے ایشام میں کیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے 3 خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، یہ خوارج سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی خارجی دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلیرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔