کشتی حادثے کی تحقیقات کیلئے حکومتی ٹیم آج مراکش روانہ ہوگی

اسلام آباد: کشتی حادثے کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کی حکومتی ٹیم آج مراکش روانہ ہوگی۔

خیال رہے کہ مغربی افریقہ کے راستے غیر قانونی طور پر سپین جانے والی تارکین وطن کی کشتی 2 روز قبل مراکش میں حادثے کا شکار ہوگئی تھی، جس کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 44 پاکستانی بھی شامل تھے۔

مراکشی حکام کا کہنا تھا کہ کشتی سے 36 افراد کو بچایا گیا جو 2 جنوری کو افریقی ملک موریطانیہ سے روانہ ہوئی تھی اور اس میں 86 تارکین وطن سوار تھے جن میں 66 پاکستانی بھی شامل تھے۔

پاکستانی حکومت نے مراکش کشتی حادثے کی اعلیٰ سطح تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلئے وزیراعظم شہباز شریف نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سلمان چودھری تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ہیں، ایف آئی اے پنجاب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر منیر مسعود مارتھ بھی ٹیم میں شامل ہیں، دفتر خارجہ اور آئی بی کا ایک ایک افسر بھی تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ مراکش جائے گا۔

تحقیقاتی ٹیم تین سے چار روز مراکش میں قیام کرے گی، بحر اوقیانوس میں مراکش اور موریطانیہ کے درمیان تارکین وطن کی کشتیوں کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کا پتہ لگائے گی۔

حکومتی تحقیقاتی ٹیم کشتی حادثے میں زندہ بچ جانے والوں سے ملاقات کرے گی، پاکستانیوں پر تشدد اور قتل کی بھی تحقیقات کرے گی۔

دریں اثناء ایف آئی اے نے تارکین وطن کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیجنے میں ملوث ملزمان کیخلاف 3 مقدمات درج کر لئے ہیں، گوجرانوالہ اور گجرات میں ایف آئی اے کرائم سرکلز میں گجرات اور سیالکوٹ کے انسانی سمگلرز کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔