اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی ضرورت نہیں رہی، علی امین گنڈاپور مان چکے نو مئی میں ان کے لوگ گمراہ ہوگئے تھے۔
وزیردفاع خواجہ آصف نے خصوصی گفتگو میں کہا کہ اپوزیشن کے پاس صرف شور شرابہ ہی رہ گیا ہے، خالی برتن کی آواز زیادہ آتی ہے لیکن بے اثر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی اور ٹی وی پر لڑائیاں اور مذاکرات سے گریز، اصلی چہرا سامنے آرہا ہے، ان کا پہنا ہوا نقاب اتر رہا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنے دور میں ایسے کلچر کو فروغ دیتے رہے ہیں۔
ان سے سوال کیا گیا کہ کیا اپوزیشن کمیٹی کے مطالبات مانے جائیں گے؟ تو انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن والے سارے لوازمات پورے ہوچکے ہیں، علی امین گنڈاپور مان چکے کہ 9 مئی میں ہمارے لوگ گمراہ ہوگئے تھے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے بیان کےبعد جوڈیشل کمیشن کی ضرورت نہیں رہتی۔