راجپوت برادری کا پاکستان میں اہم مقام ہے، مشیر وزیراعلی سندھ
راجپوت دس ہزار سالہ عظیم الشان تہذیب و تمدن کے وارث ہیں،بابائے راجپوت راؤ شمشاد علی خاں
امان اللہ مسعود نے راجپوت برادری کو ان کے مسائل حل کرنے کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا، فوٹو پریس ریلیز
کراچی : مشیر وزیراعلی سندھ امان اللہ مسعود نے راجپوت برادری کو راجپوت کلچر ڈے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ راجپوت برادری کا پاکستان کی تاریخ میں اہم مقام ہے، راجپوت برادری نے ہر موقع پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور ملک و قوم کی خدمت میں روشن کردار ادا کیا ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے راجپوت کلچر ڈے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق راجپوت کلچر ڈے کے موقع پر پاکستان راجپوت اتحاد کی جانب سے بابائے راجپوت راؤ شمشاد علی خاں کی زیر صدارت کورنگی میں عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں راؤ ندیم چیئرمین راجپوت قومی الائنس، دی کنگ راجپوت کے چیئرمین راؤ ایوب عثمان، راجپوت رہنما راؤ وسیم، راؤ نوید راجپوت نظریاتی سنگت اور رانا طارق سمیت راجپوت برادری کے رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی، تقریب کے مہمان خصوصی مشیر وزیراعلی سندھ امان اللہ مسعود تھے۔ تقریب سے پاکستان راجپوت اتحاد کے جنرل سیکریٹری راؤ محمد بلال نے بھی خطاب کیا۔

