ریاست دشمن سوشل میڈیا کو لگام دینے کیلیے پنجاب میں مانیٹرنگ شروع کر دی ، فائل فوٹو
 ریاست دشمن سوشل میڈیا کو لگام دینے کیلیے پنجاب میں مانیٹرنگ شروع کر دی ، فائل فوٹو

’’مقامی مودیوں‘‘ کیخلاف ڈنڈا اٹھالیا گیا

نواز طاہر :

بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے بعد ریاست دشمن پراپیگنڈے کی بیخ کنی کیلئے پنجاب میں خصوصی مانیٹرنگ روم قائم کردیا گیا ہے، جہاں سے ’’مقامی مودیوں‘‘ اسکریننگ شروع کردی گئی ہے۔ یاد رہے کہ بھارت کی طرف سے پاکستان پر بزدلانہ جارحیت کے بعد جوابی کارروائیوں کے نتیجے میں بھارت کو اٹھانے والی ہزیمت کا واحد سہارا میڈیا وار رہ گئی ہے جس میں اسے خود ہی منفی اور مضحکہ خیز اطلاعات کی وجہ سے عالمی سطح پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اسی دوران پاکستان اور بیرون ملک بیٹھ کر زہریلا مواد آگے پھیلانے والے ناہنجار مقامی مودیوں کاراستہ بھی مسدود کردیا گیا ہے جو خاص طور پر سول انتظامی امور میں گمراہی پھیلا رہے ہیں۔ اب پنجاب کے محکمہ اطلاعات میں ایک کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جو شہریوں کو اس گمراہی سے بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا اور گمراہ کن خبروں کی حقائق کی روشنی میں فوری وضاحت اور تصحیح کرے گا۔ اس مانیٹرنگ و کنٹرول روم کے انتظامات اور ورکنگ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ یہ مانیٹرنگ وکنٹرول روم چوبیس گھنٹے فعال رہے گا اور تین شفٹوں میں کام کرے گا۔

مانیٹرنگ روم کے ایک شفٹ انچارج سہیل جنجوعہ نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ کچھ روز سے انتظامی امور کے بارے میں بعض عناصر کی طرف سے سرکاری اداروں کے بارے میں غلط اطلاعات چلتی رہیں ہیں۔ اس ضمن میں انہوں نے بعض جعلی نوٹی فکیشن سوشل میڈیا پر شیئر کیے جانے کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ ایسی فیک نیوز آنے کی صورت میں یہ کنٹرول روم فوری طور پر عوام کے درست حقائق سے آگاہ کرے گا۔ اس کنٹرول روم کی افادیت اور حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے وزیر اطلاعات کے زیر صدارت جائزہ اجلاس میں گذشتہ کچھ روز سے سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے گمراہ کن مواد کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اور سوشل میڈیا پر فیک معلومات پھیلانے والوں کو فوری کائونٹر کرنے کی ہدایت کی گئی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق اس کنٹرول روم کا بنیادی مقصد عوام کو صورتحال سے متعلق درست آگاہی دینا ہے اور وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا کے تمام پلیٹ فارم پر مستند اور حقائق پر مبنی معلومات شیئر ہونی چاہیے۔ غیر معمولی حالات میں عوام تک درست، بروقت اور سچ پر مبنی معلومات پہنچنی چاہیے کیونکہ ایک جنگ سرحدوں پر لڑی جاتی ہے تودوسری جنگ سوشل میڈیا پر۔ پاکستانی میڈیا کی ذمہ دارانہ اور بھارتی میڈیا کی غیر ذمہ دارانہ منفی انداز کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ گودی میڈیا جرنلزم کے نام پر سیاہ دھبہ بن چکا ہے اور مودی حکومت کے تلوے چاٹنے میں آخری حد تک جا پہنچا ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں میں خاص طور پر سرحدی علاقوں میں انتظامیہ نے ضروری اقدامات مکمل کرلیے ہیں جس دوران ان علاقوں کے لوگوں نے جنگی بے خوفی کا اظہار کیا اور وہیں مقیم رہنے پر اصرارکیا۔ تاہم انہوں نے ہنگامی صورتحال میں ریاستی اداروں کی ہر کال پر لبیک کہنے اور حالات کا حکمت عملی سے مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔