7 ستمبر 1965: شاہینوں نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یومِ فضائیہ کے موقع پر اپنے پیغام میں پاک فضائیہ کے تاریخی کارناموں اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ”7 ستمبر 1965 کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے غرور کو فضاؤں میں پاش پاش کر کے نئی تاریخ رقم کی۔”

محسن نقوی نے 1965 کی جنگ کے ہیروز، خصوصاً ایم ایم عالم کی جرأت و مہارت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف چند لمحوں میں دشمن کے 5 طیارے مار گرا کر دنیا کو حیرت میں ڈال دیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دشمن کی عددی برتری کے باوجود پاک فضائیہ نے **جذبے، مہارت اور یقین کامل کے ساتھ کامیاب دفاع کیا۔ انہوں نے حالیہ معرکے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا:

ستمبر 65 کے 60 سال بعد، مئی 2025 میں بھی پاکستان نے دشمن کے 6 جنگی طیاروں کو مار گرا کر تاریخ دہرائی۔”

انہوں نے پاک فضائیہ کے پائلٹس، انجینئرز اور ٹیکنیشنز کو قوم کا سرمایہ افتخار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سپوت وطن کی فضائی سرحدوں کے محافظ، قوم کی امیدوں کے امین اور فخر ہیں۔

محسن نقوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم اپنے ان سپوتوں کی قربانیوں، بہادری اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہی شہداء اور غازیوں کی بدولت آج پاکستان کی فضائیں محفوظ ہیں۔