کراچی(امت نیوز) کراچی میں سائٹ سپر ہائی وے احسن آباد جامعہ الرشید مدرسے کے قریب نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 30 سالہ شہری رحمان اللہ جاں بحق ہوگیا، مقتول اسکیم 33 کوئٹہ ٹاؤن کا رہائشی اور دو بچوں کا باپ تھا۔
جمعرات کی صبح پیش آنے والے واقعے میں مقتول اپنے گھر سے ڈیوٹی پر یوسف گوٹھ، سرجانی ٹاؤن جا رہا تھا کہ نامعلوم ملزمان نے اسے روکنے کی کوشش کی اور نہ رکنے پر فائرنگ کر دی۔ گولی لگنے سے رحمان اللہ موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ لاش کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اہل خانہ اور عزیز و اقارب بڑی تعداد میں پہنچ گئے۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ مقتول تعمیر خلق فاؤنڈیشن میں فیلڈ مانیٹر کے طور پر ملازمت کرتا تھا اور گزشتہ 10 برس سے ملازم تھا۔ اہل خانہ نے واقعے کو ذاتی دشمنی قرار دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ مقتول کے پاس موبائل، پرس اور موٹر سائیکل سمیت تمام سامان موجود تھا، اسے چلتی موٹر سائیکل پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق جائے وقوع سے 30 بور پستول کا ایک خول برآمد ہوا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے۔ ڈی ایس پی اورنگزیب خٹک کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ تین ملزمان موٹر سائیکل پر سوار تھے جنہوں نے مقتول کو پہلے روکنے کی کوشش کی اور بعدازاں دو مقامات پر فائرنگ کی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔
اہل خانہ نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ تفتیش کی جائے اور ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے تاکہ شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos