وزیراعلیٰ خیبرپختون کے دفتر میں پی ٹی آئی پرچم، عمران کی تصویر حاوی

خیبر پختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا سامنا ہے۔ ان کی ایک تصویر وائرل ہوئی ہے جس میں انہیں اپنے دفتر میں بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ پس منظر میں پاکستان کے قومی پرچم کی جگہ تحریک انصاف کا پرچم آویزاں ہے۔

پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے جاری تصویر میں وزیراعلیٰ کے دفتر کی دیوار پر عمران خان کا پورٹریٹ نمایاں طور پر نظر آ رہا ہے، جب کہ قائداعظم کی تصویر ایک کونے میں رکھی دکھائی دے رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر #قومی_پرچم_کیوں_ہٹایا کے عنوان سے ٹرینڈ جاری ہے، جہاں صارفین حکومتِ خیبر پختونخوا سے وضاحت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے اس عمل کو قومی وقار کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ طرزِ عمل ان کے محبِ وطن ہونے کے دعووں کے برعکس ہے۔

صحافی اقرار الحسن نے لکھا کہ “پاکستان کا پرچم لاوارث ہے کہ ملک کے اہم صوبے کے وزیراعلیٰ کے دفتر میں اسے مقررہ مقام سے ہٹا کر میز کے ایک کونے میں رکھ دیا گیا ہے۔”

سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ فرحان ورک نے تبصرہ کیا کہ “قائداعظم کی جگہ عمران خان کی تصویر لگ گئی ہے، پاکستان کی جگہ تحریک انصاف کا جھنڈا لگ گیا ہے، اور وزیراعلیٰ نے پہلا نوٹس عوامی مسائل کی بجائے صنم جاوید کا لیا ہے۔”

سوشل میڈیا پر لوگوں نے سابق وزیر اعلی علی امین گنڈا پور کی تصویر بھی شیئر کی ہے جس میں ان کے پس یہ منظر میں قومی پرچم نمایاں دکھائی دے رہا ہے۔